پنجاب کے دریاؤں کی صورت حال: راوی کے بہاؤ میں کمی، چناب میں تیزی

Published On 29 August,2025 10:31 am

لاہور: (ویب ڈیسک) این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ میں دریائے راوی کے بہاؤ میں کمی آئی ہے مگر اب بھی پانی کی سطح انتہائی اونچی ہے۔

دریائے چناب کے علاقے مرالہ میں بہاؤ تیز ہے جبکہ ستلج سے ملحقہ گنڈا سنگھ والا میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

پنجاب کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، شاہدرہ کے مقام پر انتہائی خطرناک اونچے درجے کا سیلاب ہے، بلوکی ہیڈورکس کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، سدھنائی ہیڈورکس پر پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔

دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، خانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، قادرآباد کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کا بہا نارمل سطح پر ہے مگر مسلسل اضافہ ہو رہا ہے

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی خطر ناک اونچے درجے کا سیلاب ہے، سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، اسلام ہیڈورکس پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے دریائے چناب میں سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کیا ہے، وہیں دریائے راوی میں بھی پانی کی سطح میں تیزی سے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔