غذر: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ حکومت متاثرین سیلاب کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے غذر کے سیلاب سے متاثرہ علاقہ چٹورکھنڈ کے دورہ کے موقع پر سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
انجینئر امیر مقام نے اس موقع پر جاں بحق افراد کے لواحقین کو وزیراعظم پاکستان کی جانب سے 20، 20 لاکھ کے امدادی چیک دیئے، انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
علاقہ معززین نے دائن کو چٹور کھنڈ سے ملانے والا رابطہ پل بنانے کی درخواست کی جس پر وفاقی وزیر انجینئرامیرمقام نے موقع پر ہی متعلقہ حکام اور انتظامیہ کو فوری طور پر عارضی پل تعمیر کرنے کے احکامات جاری کئے اور مستقبل میں آرسی سی پل بنانے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔