لاہور: (دنیا نیوز) شاہدرہ اور بلوکی کے مقام پر دریائے راوی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا، شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجےکا سیلاب ہے، ملتان روڈ پر چوہنگ کے قریب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی زیر آب آگئی۔
شاہدرہ کی کئی آبادیوں میں بھی پانی داخل ہوگیا، فرخ آباد، عزیزکالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو پریشانی کا سامنا ہے، انتظامیہ کی جانب سے گھروں کو خالی کرانے کا کام شروع کر دیا گیا، سیلاب متاثرین کو کیمپ میں بلانے کے لئے مساجد میں اعلانات کرائے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے بتایا کہ فرخ آباد کے 2 سکولوں میں امدادی کیمپ قائم کر دیئے گئے، سیلاب متاثرین کے لئے کھانے کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے، دریائے راوی میں شاہدرہ اوربلوکی پرپانی کا بہاؤ تیز ہوگيا، بند کے ایک حصے پر شہری مال مویشیوں کے ساتھ اب بھی موجود ہیں اور امداد کے منتظر ہیں۔
فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے راوی میں سائفن شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، سائفن کے مقام پرپانی کے بہاؤ میں2 لاکھ20 ہزار 627 کیوسک اضافہ ہوا ہے، شاہدرہ کے مقام پرپانی کا بہاؤ 2 لاکھ 15ہزار 550 کیوسک ہوگیا ہے۔