لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ڈویژن میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کالجز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر کالجز نے 16 کالجز میں چھٹی کا اعلان کردیا، کالجز 29 اور 30 اگست کو بند رہیں گے، شاہدرہ، چوہنگ اور بند روڈ کے کالجز بند رہیں گے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شرقپور شریف، فیروزوالہ، خانقاہ ڈوگراں اور نارنگ منڈی کے کالجز بند رہیں گے، ننکانہ صاحب کے علاقے منڈی فیض آباد اور سید والا کے کالجز میں 2 روز چھٹی ہو گی۔
قصور کے علاقے کنگن پور میں بھی کالجز بند رہیں گے ،احکامات جاری کردئیے گئے ہیں ۔
دوسری جانب ملک بھر میں سیلابی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب پبلک سروس کمیشن نے امتحانات بھی ملتوی کر دیئے ہیں۔
ترجمان ڈپٹی ڈائریکٹر سید کاظم مقدس کاظمی نے کہا کہ امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ چیئرمین پی پی ایس سی لفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، امیدواروں کو نئی تاریخوں سے ایس ایم ایس، ای میل اور ویب سائٹ کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔