راوی، چناب اور ستلج کے 12 ہیڈ ورکس پر پانی کے بہاؤ کی صورتحال

Published On 28 August,2025 03:44 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے تین دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب آیا ہوا ہے جس سے اب تک لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

پنجاب میں بہنے والے تین دریا چناب، راوی اور ستلج پر مجموعی طور پر 12 ہیڈ ورکس ہیں جہاں سے پانی کے بہاؤ کو ریگولیٹ کیا جاتا ہے ۔

دریائے راوی

دریائے راوی پر اس وقت سب سے زیادہ پانی جسڑ اور شاہدرہ کے مقام پر ہے، جسڑ وہ مقام ہے جہاں سے انڈیا سے پانی پاکستان مِں داخل ہوتا ہے جبکہ شاہدرہ لاہور کے نزدیک واقع ہے، دریائے راوی پر بلوکی اور سدھنائی کے مقامات پر ہیڈ ورکس موجود ہیں۔

اس وقت جسڑ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے اور یہاں سے ایک لاکھ 21 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے جبکہ سے شاہدرہ سے اس وقت ایک لاکھ 90 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔

بلوکی کے مقام پر اس وقت پانی کا بہاو 94 ہزار کیوسک سے زائد ہے جبکہ یہاں سے تین لاکھ 80 ہزار کیوسک پانی باآسانی گزر سکتا ہے، بلوکی کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

دریائے راوی پر چوتھا ہیڈ ورکس سدھنائی کے مقام پر موجود ہے جو ایک لاکھ 50 ہزار کیوسک پانی ریکیولیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہاں اس وقت پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے اور بہاؤ نو ہزار کیوسک سے کچھ اوپر ہے۔

دریائے چناب

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب میں اس وقت قادرآباد ہیڈ ورکس کے مقام پر سب سے زیادہ پانی کا دباؤ ہے جہاں آٹھ لاکھ 13 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، قادرآباد سے آٹھ لاکھ 7 ہزار کیوسک پانی باآسانی گزر سکتا ہے۔

چناب پر بنے خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پر اس وقت انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں سے 6 لاکھ 20 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، خانکی ہیڈ ورکس 11 لاکھ کیسوک پانی ریگیولیٹ کرنے کے صلاحیت رکھتا ہے۔

قادرآباد اور خانکی ہیڈورکس پر پانی کے دباؤ میں کمی آ رہی ہے۔

اس کے علاوہ دریائے چناب پر مرالہ، تریموں اور پنجند پر بھی ہیڈ ورکس موجود ہیں۔

مرالہ پر آٹھ لاکھ 13 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ یہ ہیڈ ورکس 11 لاکھ کیسوک پانی کو ریگیولیڑ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تریموں ہیڈ ورکس پر اس وقت پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے لیکن اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ تریموں سے اس وقت 93 ہزار 500 کیوسک پانی گزر رہا ہے جبکہ اس کی کپیسٹی چھ لاکھ 45 کیوسک ہے۔

پنجند کے مقام پر اس وقت پانی کا بہاؤ 58 ہزار کیوسک ہے جو کہ معمول کے مطابق ہے اور اس میں کمی آ رہی ہے۔ پنج ند ہیڈ ورکس سات لاکھ کیسوک پانی کو ریگیولیڑ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دریائے ستلج

دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور اسلام ہیڈ ورکس موجود ہیں۔

گنڈا سنگھ والا ہیڈ ورکس کے مقام پر اس وقت انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں سے دو لاکھ 61 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔

دریائے ستلج پر بنے سلیمانکی ہیڈ ورکس کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ اس وقت ایک لاکھ 9 ہزار کیوسک ہے، اس ہیڈ ورکس سے تین لاکھ 25 ہزار کیوسک با آسانی گزر سکتا ہے۔

اسلام ہیڈ ورکس سے اس وقت 52 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے جو کہ نچلے درجے کے سیلاب کے زمرے میں آتا ہے، اسلام ہیڈ ورکس تین لاکھ کیوسک پانی کو ریگیولیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔