کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریائے سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
محکمہ آبپاشی سندھ کا کہنا ہے کہ تین ستمبر کو گڈو کے مقام پر چھ لاکھ 30 ہزار اور چار ستمبر کو سکھر کے مقام پر پانچ لاکھ 60 ہزار کیوسک پانی کی آمد متوقع ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پنجاب میں جاری سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر سندھ حکومت نے دریائے سندھ کے ساتھ موجود اضلاع میں ممکنہ خطرات کی نگرانی اور ان کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی وزرا کو فوکل پرسن نامزد کیا ہے، نامزد وزرا اپنے اپنے علاقوں میں دریا کے دائیں اور بائیں کنارے کی نگرانی کریں گے۔
گڈو سے سکھر تک صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ دائیں کنارے، سردار محمد بخش مہر بائیں کنارے کے فوکل پرسن ہوں گے، جبکہ سکھر سے کوٹری، جام اکرام اللہ دھاریجو دائیں کنارے، ناصر حسین شاہ بائیں کنارے کے فوکل پرسن مقرر تعینات کیے گئے ہیں، اسی طرح، کوٹری بیراج سے نیچے ریاض حسین شاہ شیرازی دائیں کنارے اور محمد علی ملکانی بائیں کنارے کے فوکل پرسن مقرر کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ دریائے سندھ کے ساتھ موجود اضلاع سے تعلق رکھنے والے صوبائی اسمبلی کے تمام اراکین آئندہ ایک ہفتے کے لیے اپنے حلقوں میں موجود رہیں، وہ نامزد فوکل پرسنز سے قریبی رابطے میں رہیں۔
اسی طرح نامزد وزرا کو بھی محکمہ آبپاشی سندھ کے ساتھ مل کر سیلاب کے خطرات کا جائزہ لینے اور دریا کے پشتوں کے تحفظ اور نگرانی کے لیے ایم پی ایز کو شامل کرنے کا کہا گیا ہے۔