دریاؤں میں گنجائش سے زیادہ پانی آیا جس کی توقع نہیں تھی: مریم نواز

Published On 28 August,2025 01:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دریاؤں میں گنجائش سے زیادہ پانی آیا جس کی توقع نہیں تھی، بروقت اقدامات نہ ہوتے تو سیلاب سے تباہی زیادہ ہوتی، اللہ تعالیٰ نے بہت بڑے نقصان سے بچا لیا ہے۔

دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ شدید ترین بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد سیلابی صورتحال ہے، یہ ایک غیر معمولی صورتحال ہے، بھارت نے اپنے ڈیم بھر جانے سے پانی چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے 3 دریاؤں میں پانی کا شدید دباؤ ہے، انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے بھرپور کام کیا ہے، بروقت اقدامات نہ ہوتے تو سیلاب سے تباہی زیادہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ نارووال مکمل ڈوبا ہوا ہے، سیالکوٹ میں بھی برا حال ہے، اللہ تعالیٰ نے بہت بڑے نقصان سے بچا لیا ہے، پنجاب کی انتظامیہ نے 50 ہزار سے زائد افراد کومحفوظ مقام پر پہنچایا، انتظامیہ کی تاخیر اور غفلت سے کوئی اموات نہیں ہوئیں، ہر شخص کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دریائے راوی کا دورہ کیا اور سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کشتی میں سوار ہو کر شاہدرہ کے مقام کا جائزہ لیا، سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری بھی ہمراہ تھیں، اس موقع پر موجود حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بریفنگ بھی دی گئی۔