وفاق کا سیلاب متاثرین کیلئے امداد کا اعلان، نقصانات کا ازالہ کریں گے: عطا تارڑ

Published On 28 August,2025 07:19 pm

وزیر آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو ہرممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، پاک فوج امدادی کارروائیوں میں شریک ہے۔

سیلاب کی صورتحال پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کیا ہے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالہ کیا جائے گا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پیشگی اطلاعات اور بروقت انتظامات سے بڑے نقصان سے بچ گئے، وزیرآباد اور ملحقہ دیہات بڑے نقصان سے محفوظ رہے، متاثرین کی مشکلات کا احساس ہے، پانی اترنے کے بعد متاثرین کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے، مشکل کی گھڑی میں ہم سب متحد ہیں، آبی گزر گاہوں کے اردگرد تعمیرات کو روکنا ہوگا، آبی گزر گاہوں کے قریب اب تعمیرات کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مال مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، ہمیں احساس ہے لوگ مشکل میں ہیں، سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، الحمدللہ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے بہترین اقدامات کیے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ذاتی دلچسپی لے کر اقدامات کیے، جہاں جہاں لوگوں کو ریسکیو کرنے کی ضرورت ہے وہاں پر انتظامیہ متحرک ہے، پوری دنیا میں لوگ اس بات کو مانتے ہے کہ جب بھی آفت آتی ہے سب ایک ہو جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاک فوج اور دیگر ادارے مکمل طور پر متحرک رہے، پنجاب میں مریم نواز شریف کی کارکردگی سب سے بہتر رہی، شہباز شریف اور مریم نواز نے نارووال میں سیلابی صورتحال کا بھی جائزہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ وزیرآباد کو شاباش دیتا ہوں، سکندر پورہ میں بچے کی وفات پر افسوس ہے، پہلی بار بارش کے 3، 4 سسٹم ساتھ آئے، انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کرنے پر معاوضے نہیں ملیں گے۔