اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا ٹیلیفونک رابطہ، ہوا، صدر اردوان نے پاکستان کے مختلف حصوں میں سیلاب پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
ترک صدر نے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر پاکستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، اردوان نے پاکستان کو کسی بھی مدد کی پیشکش کی۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ امدادی کارروائیوں کے حوالے سے پاکستان کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں مدد کی پیشکش پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا ٹیلی فون کال پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط، گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دونوں ملک مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اس سال کے شروع میں ہونے والی اپنی بات چیت اور چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران اپنی آئندہ ہونے والی ملاقات پر بھی گفتگو کی۔