اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی نژاد پاکستانی بزنس مین وسیم اسلم نے ملاقات کی جس دوران بزنس مین نے سیلاب متاثرین کے لیے ایک کروڑ روپے کا چیک وزیر داخلہ کے حوالے کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے وسیم اسلم کے جذبۂ خیر کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس وقت تاریخ کے غیر معمولی سیلاب کا سامنا ہے، حالیہ بارشوں اور طوفانی ریلوں کے باعث خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ وسیم اسلم کی جانب سے دیا گیا عطیہ وزیرِاعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کرایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرین تک امداد پہنچ سکے۔