پی سی بی کا کلبز کی سکروٹنی کیلئے طریقہ کار تبدیل کرنے کا اعلان

Published On 23 August,2025 04:56 pm

لاہور:(ویب ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے کلبز کی سکروٹنی کے لئے طریقہ کارمیں ردوبدل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

 چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جس میں پاکستانی کرکٹ کا معیار بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور خواتین کرکٹ کے فروغ کیلئے گراس روٹ لیول پر اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ اور نوجوان ٹیلنٹ آگے لانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور ہائی پرفارمنس سنٹرز کی اپ گریڈیشن پر بھی اجلاس کو بریف کیا گیا۔

اجلاس میں پی سی بی کے اپ ڈیٹڈ فنانشل رولز اور آڈیٹرز کے ازسرنو تقرر کی منظوری دی گئی جبکہ گلوبل اینٹی کرپشن کوڈ اپنانے کے لئے طریقہ کار میں تبدیلی کو بھی منظور کرلیا گیا۔

خیال رہے اجلاس میں کلبز کی سکروٹنی کے لئے طریقہ کار میں ردوبدل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جب کہ بی اوجی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کردی گئی۔