اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اسلام آباد میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کا حکم دے دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں دارالحکومت میں عوامی سہولت کے لیے جاری اور نئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹی چوک فلائی اوور اور شاہین چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد ستمبر کے آغاز میں رکھا جائے گا، وزیر داخلہ نے تجاوزات کے مکمل خاتمے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس حوالے سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
مزید برآں محسن نقوی نے 30 ستمبر تک غیر قانونی مکینوں کے خلاف آپریشن کرکے متعلقہ سیکٹرز کو کلیئر کرنے کی ہدایت دی اور ایس ایس پی آپریشنز، اے ڈی سی جی اور ڈائریکٹر ڈی ایم اے کو اس حوالے سے ٹاسک سونپا۔
وزیر داخلہ نے ہاؤسنگ سوسائٹیز کو قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی ہوگی۔
اجلاس میں ڈپلومیٹک انکلیو اپگریڈیشن پراجیکٹ کے فیز ون کا آغاز کرنے کی ہدایت دی گئی جس کے تحت شاہراہِ دستور سے مین انٹری، ملحقہ شاہراہ، باؤنڈری وال، سائیکلنگ ٹریک اور پارک کی تعمیر و مرمت شامل ہوگی۔
اسی طرح اجلاس میں گندھارا ہیریٹیج اینڈ سٹیزن سنٹر کو فعال بنانے کے مختلف ماڈلز کا جائزہ لیا گیا جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے دامن کوہ کی ری ماڈلنگ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں زیر تعمیر سیکٹرز C-14، C-15 اور C-16 پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ زیر التوا سیکٹرز E-12 اور I-12 کو جلد مکمل کرکے الاٹیز کے حوالے کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ نئے سیکٹرز C-13، D-13، E-13 اور F-13 کی ڈویلپمنٹ کے لیے جامع پلان پیش کیا جائے، اسلام آباد میں دو فائیو سٹار ہوٹلوں کی تعمیر کے ابتدائی کام کو 31 دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماڈل جیل کا پہلا مرحلہ جاری ہے جو جلد مکمل ہو جائے گا، اسی طرح اسلام آباد میں کیپٹل ہاؤس کے قیام کے لیے جگہ مختص کر دی گئی ہے، اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ممبران سی ڈی اے، اے ڈی سی جی، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔