ملک کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیش گوئی، مری، کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

Published On 29 August,2025 06:41 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ملک کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی گئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ ،ایبٹ آباد، نوشہرہ اور صوابی میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ شدید بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بارش متوقع ہے، جب کہ جڑواں شہر، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ کے نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں، نارووال، پشاور، نوشہرہ، مردان کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے مزید بتایا کہ شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے ، خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔