اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت صحت نے سیلاب کے بعد مختلف بیماریاں پھیلنے کے خدشے کی ہنگامی ہیلتھ ایڈوائزری جاری کر دی جس کے مطابق سیلاب کے بعد ہیضہ، ٹائیفائیڈ، اسہال کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔
وزارت صحت کی ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹھہرا ہوا پانی ڈینگی، چکن گونیا اور ملیریا کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی ایڈوائزری میں شہریوں کوبیماریوں سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے بھی پاکستان میں سیلاب کے باعث وبائی امراض میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد ڈینگی کے کیسز میں 41 فیصد اور ملیریا میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان اور سندھ میں ہیضہ پھیل رہا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں خارش، جلدی امراض، سانپ اور کتوں کے کاٹنے کے کیسز بڑھ گئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پاکستان کا صحت کا نظام وباؤں کے بوجھ تلے دب سکتا ہے۔