گجرات میں 577 ملی میٹر بارش، کئی علاقے زیرِآب، قیدی لاہور اور گوجرانوالہ منتقل

Published On 04 September,2025 11:09 am

گجرات: (دنیا نیوز) پنجاب کے وسطی ضلع گجرات میں بارش اور سیلاب کے باعث ضلع بھر کے تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے، ڈپٹی کمشنر نور العین قریشی کی طرف سے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

موسلا دھار بارش سے متعدد دیہات زیرآب آگئے اور اندرون شہر کے علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا ہے، رات گئے گجرات میں 577 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد برساتی نالے بپھر گئے جس سے کئی دیہات زیر آب آگئے۔

گجرات شہر کے متعدد علاقے اب بھی گزشتہ شب ہونے والی ریکارڈ بارش کی وجہ سے زیرآب ہیں اور شہریوں کو شدید مُشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ زراعت کے حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے مونجی (چاول) کی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کی کٹائی ماہ اکتوبر میں ہونا تھی، اس کے علاوہ سبزیوں اور پھلوں کی فصلیں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔

گجرات کی ڈسٹرکٹ جیل اور احاطہ سیشن کورٹ میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا اور سیالکوٹ کے بعد اب گجرات سے بھی کئی قیدیوں کو لاہور اور گوجرانوالہ کی جیلوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

اس سے پہلے سیالکوٹ کی جیل سے ایک ہزار سات قیدیوں کو گوجرانوالہ، حافظ آباد اور نارووال کی جیلوں میں منتقل کیا گیا تھا۔

فلڈ کنٹرول حکام کے مطابق گجرات میں 24 گھنٹوں میں 577 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، مدینہ سیداں کے قریب حفاظتی بند باندھ کر پانی کو برساتی نالے میں موڑا جا رہا ہے جبکہ گجرات میں پانی کی نکاسی کے لیے گوجرانوالہ سے بھی ہنگامی بنیادوں پر مشینری اور گاڑیاں گجرات بھجوائی گئی ہیں۔