پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کےصوبائی دارالحکومت لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) کے خواتین کے انتظار گاہ سے 5 سالہ معذور بچی کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاش کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایل آر ایچ کے ترجمان محمد عاصم نے کہا کہ دوپہر کے وقت گائنی بلاک کی خواتین کی انتظار گاہ میں بچی کی لاش ملی، موقع پر سکیورٹی اور ہسپتال عملہ پہنچا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ لاش کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی اور لواحقین بھی سامنے نہیں آئے، ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ لاش کو نامعلوم افراد چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
پشاور پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے خیبر میڈیکل یونیورسٹی منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ہسپتال ذرائع نے مزید بتایا کہ بچی کو مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کیا گیا، تاہم یہ معلوم ہونا باقی ہے کہ لاش خواتین کے مصروف انتظار گاہ میں کیسے پہنچائی گئی، پولیس نے گائنی وارڈ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے واقعے کے حوالے سے اہم شواہد جمع کرنے شروع کردیے۔