دیربالا:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے علاقے دیر بالا میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 5 خوارج کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ترجمان سی پی او خیبر پختونخوا کے مطابق ٹارگٹڈ آپریشن فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، فتنہ الخواج کچھ روز قبل پولیس پارٹی پر حملے میں ملوث تھے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ایک شہری شہید جبکہ 8 پولیس اہلکار معمولی زخمی جب کہ 5دہشت گرد ہلاک ہوئے جن میں ایک کی نعش برآمد ہوئی ہے، باقی شرپسندوں کی تلاش اور علاقہ کلیئر کرنے کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ آپریشن پر پولیس کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،اپر دیر کے علاقوں دوبندو، بریکوٹ، سلام کوٹ اور اٹنڈرہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
علاوہ ازیں شرپسندوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے شہری کی پولیس لائنز میں نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔