پشاور: (دنیا نیوز) سینئر پیونی جج کا نام جوڈیشل کمیشن ممبران سے نکالنے کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست زرک شاہ نے علی گوہر درانی ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی، درخواست میں وفاقی حکومت اور جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں ہے کہ ہائیکورٹس میں بھی آئینی بنچ قائم کئے جائیں گے، 26 ویں آئینی ترمیم سے پہلے آرٹیکل 175 A کلاز 5 پیراگراف 2 کے مطابق سینئر پیونی جج جوڈیشل کمیشن کا ممبر ہوتا تھا۔
26 ویں آئینی ترمیم میں سینئر پیونی جج کو ہائیکورٹ آئینی بنچ کا سربراہ بنایا گیا، جوڈیشل کمیشن نے بھی نوٹیفکیشن جاری کیا کہ 26 ویں ترمیم کے بعد سینئر پیونی جج ختم ہوگیا، ہائیکورٹ میں ابھی تک آئینی بنچ نہیں ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ جب تک آئینی بنچ نہیں بنایا جاتا سینئر پیونی جج جوڈیشل کمیشن کا ممبر ہوگا، جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس ججز کی تعیناتی کرتا ہے، سینئر پیونی ججز کو جوڈیشل کمیشن کا ممبر بنایا جائے۔