اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم یکم تا 7 ستمبر کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی، جس کے دوران مجموعی طور پر ایک کروڑ 97 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
ترجمان نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق یہ مہم ملک کے مخصوص اضلاع میں چلائی گئی جس کا مقصد پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا اور بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانا تھا۔
ترجمان کے مطابق پنجاب میں 40 لاکھ 4 ہزار، سندھ میں 87 لاکھ 27 ہزار، خیبرپختونخوا میں 40 لاکھ 25 ہزار، بلوچستان میں 22 لاکھ 27 ہزار، اسلام آباد میں 4 لاکھ 79 ہزار، گلگت بلتستان میں 1 لاکھ 12 ہزار اور آزاد کشمیر میں 1 لاکھ 64 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
نیشنل ای او سی نے انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں والدین، مقامی انتظامیہ، ہیلتھ ورکرز اور دیگر شراکت داروں کے کردار کو سراہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک ایسی مہمات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، والدین سے اپیل ہے کہ وہ آئندہ مہمات میں بھی بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جا سکے۔