کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کیماڑی این اے 242 سے فارم جمع کرایا ہے، ہمایوں عثمان نے این اے 243 سے فارم جمع کرایا ہے، ایم کیو ایم منظم اور پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 15 سالوں سے پی پی کی حکومت اس شہرمیں کوئی کام نہیں کرسکی، آخری کام اس شہر میں ایم کیو ایم نے ہی کیا تھا، ہم وہ لوگ ہیں جو اپنے کام بتا سکتے ہیں، جب ہمارے پاس اقتدار اور اختیار تھا ہم نے اس شہر کو روشنیاں دیں، 15 سالہ دور میں ساری زبانیں بولنے والے اس نتیجے پر پہنچے کہ ایم کیوایم کے علاوہ کوئی جماعت نہیں جوعوام کی خدمت کرے۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ میری جماعت یہ سمجھتی ہے کہ میں اس حلقے کے مسائل حل کروں گا، ہمیں پتہ ہے کہ ہم راتوں کو جاگ سکتے ہیں، اس علاقے کی پریشانیوں کو دوسرے امیدواروں سے زیادہ سمجھتے ہیں، ہماری کسی ایک نام پر گفتگو نہیں ہے، جس جگہ جس پارٹی کا جہاں اثرو رسوخ ہے وہاں دیگر اتحادی جماعتیں اسے سپوٹ کریں گی یہ اتفاق ہوا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کنوینر خالد مقبول کے ہاتھ میں سارے فیصلے ہیں، خالد مقبول جس کو جہاں جہاں سے کہیں گے وہ وہاں سے الیکشن لڑے گا۔