کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ یوم تاسیس کوئٹہ سے واپسی پر روڈ حادثہ میں شہید ہونے والے کارکنوں کے گھر گئے، لواحقین سے تعزیت اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے، ان کی ہرممکن مدد کریں گے، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی موجودگی میں انتخابات انشاء اللہ 8 فروری کو ہوں گے، بلوچستان کے 79 فیصد الیکٹیبلز پیپلزپارٹی میں شمولیت کر چکے ہیں۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں میں برتری حاصل ہے، پی ٹی آئی عدالت گئی تو لگ رہا تھا الیکشن میں تاخیر ہوگی، چیف الیکشن کمشنر کی تبدیلی کی باتیں انتخابات میں تاخیری حربے ہیں۔
ناصرحسین شاہ نے مزید کہا کہ دو اور دو چار ہوتا ہے، یہ اتنی جماعتیں پیپلزپارٹی کی حریف ہیں اس کے باجود ہم کامیاب ہوں گے، سینئر صحافی جان محمد مہر کی شہادت پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا، قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کچے میں آپریشن کی تیاری کی جارہی ہے۔