راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے تین قومی اور تین صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔
عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ تین قومی اور تین صوبائی اسمبلی حلقوں سے الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ کو لیول پلیئنگ فیلڈ مل رہی ہے؟ جس پر سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ فیلڈ ہی کوئی نہیں لیول کیا ہونا ہے، صحافی نے پوچھا کیا پارٹی چیئرمین پر آپ کو کوئی اعتراض ہے؟ جس پر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ وہ بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔
تحریک انصاف کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن نہ ہونے دیا تو ملک کو نقصان ہو گا، ایسا نقصان ہو گا کہ لوگ ساری تحریک کو بھول جائیں گے، انتخابات ہونے دیں، اچھی سوچ اور کام کی بنیاد رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دونوں لاڈلوں نواز اور شہباز نے جو کیا ہے غریبوں کو کھانے کو کچھ نہیں مل رہا، ابھی کل دوبارہ گیس کی قیمت بھی بڑھی ہے بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، مجھے دو مرتبہ اٹیک ہوا ہے مگر ہسپتال نہیں جانے دے رہے، یہ کونسا جنگل کا قانون ہے۔
چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ شیخ صاحب سے پرانا رشتہ ہے، بزرگوں سے چلا آر رہا ہے، این اے 56 اور57 شیخ صاحب کو دینا ہے اور اس کیلئے بانی پی ٹی آئی کو منانا ہے، شیخ صاحب کی کامیابی کیلئے مکمل کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ مروت صاحب اور گوہر صاحب بھی عزیز ہیں، چھ ماہ سے جیل میں ہوں، بانی پی ٹی آئی نے خود پارٹی کا صدر بنایا۔