اصلی اور نسلی ہوں، پی ٹی آئی کیساتھ ڈٹا ہوا ہوں: شیخ رشید

Published On 21 December,2023 01:26 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں اصلی اور نسلی ہوں، پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹا ہوا ہوں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قلم اور دوات کے نشان سے این اے 56 اور 57 سے الیکشن لڑ رہا ہوں ، سپریم کورٹ نے بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 فروری کو الیکشن کروانے کی تاریخ دی اب کوئی گنجائش نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پر 3 حلقوں سے لڑنے کی خبر بے بنیاد ہے، میں بھاری اکثریت سے الیکشن جیتوں گا، اللہ نہ کرے پی ٹی آئی کا سامنا ہو، پی ٹی آئی کیلئے میں نے چلا کاٹا ہے، بانی پی ٹی آئی کے لئے چلا کاٹا قربانیاں دیں، میں نے اس کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ میں اصلی اور نسلی ہوں پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹا ہوا ہوں، پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ شروع سے اکٹھے ہیں ہم نے کیا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنی ہے۔