انتخابات کا اہم مرحلہ مکمل، اعتراضات سننے کیلئے اپیلٹ ٹربیونلز تشکیل

Published On 24 December,2023 10:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات کا اہم مرحلہ مکمل ہوگیا، الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سننے الیکشن اپیلٹ ٹریبونلز تشکیل دے دیئے۔

پانچوں ہائی کورٹس کے ججز پر مشتمل الیکشن کمیشن ٹربیونلز 3 سے 10 جنوری تک اعتراضات سنیں گے، پشاور ہائیکورٹ کے پانچ جج، لاہور ہائیکورٹ کے 9، اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹ کے دو، دو ججز بطور ٹربیونل جج اعتراضات سنیں گے۔

جسٹس فیصل زمان خان پنجاب سے قومی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں کے اعتراضات سنیں گے، جسٹس فیصل زمان خان پنجاب سے صوبائی اسمبلی کی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔

جسٹس اسجد جاوید گھرال فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز سے تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے، جسٹس رسال حسن سید لاہور ڈویژنز اور ضلع اوکاڑہ کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔

جسٹس راحیل کامران شیخ گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژنز کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے، جسٹس سلطان تنویر احمد بہاولپور ڈویژنز اور ضلع لودھراں کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔

جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر ضلع پاکپتن، ساہیوال اور ضلع لودھراں کے علاوہ ملتان ڈویژنز کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے، جسٹس علی ضیاء باجوہ ضلع بھکر اور ڈی جی خان ڈویژنز کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔

جسٹس جواد حسن ضلع اٹک، مری اور راولپنڈی کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے، جسٹس چودھری عبدالعزیز ضلع چکوال، تلہ گنگ، جہلم، میانوالی اور تحصیل سرائے عالمگیر کی تمام قومی و صوبائی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔