عام انتخابات: سابق وزیر داخلہ فیصل صالح مسلم لیگ ن میں شامل

Published On 27 December,2023 10:34 am

جھنگ: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2024 کے لیے سیاسی جوڑ توڑ جاری ہے اور اس سلسلے میں مسلم لیگ ن پنجاب میں ایک بڑی وکٹ گرانے کو تیار ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کے مرکزی صدر شہباز شریف آج جھنگ کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ شاہ جیونہ دربار پر حاضری دیں گے اور چادر چڑھائیں گے۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف شاہ جیونہ میں سینئر سیاستدان فیصل صالح حیات سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرکے انہیں اپنی جماعت میں شمولیت کی دعوت دیں گے، شہباز شریف سے ملاقات میں فیصل صالح حیات مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ فیصل صالح حیات نے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی تھی اور پھر 2017 میں دوبارہ پیپلز پارٹی کو جوائن کیا تھا، 2018 میں وہ جھنگ سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑے تھے تاہم انہیں مخالف امیدوار سے صرف 600 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ فیصل صالح حیات وفاقی وزیر داخلہ کے عہدے پر بھی فائز رہے اور طویل عرصے تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔