مانسہرہ : پی ٹی آئی کے اعتراض مسترد، نوازشریف کے کاغذات نامزدگی منظور

Published On 28 December,2023 02:24 pm

مانسہرہ : (دنیانیوز) مانسہرہ کے حلقے این اے 15 سے قائد مسلم لیگ ن کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ۔

این اے 15 سے پاکستان تحریک انصاف کے وکلاء نے میاں نواز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات دائر کیے تھے ۔

اعتراض میں درخواست کی گئی تھی کہ نواز شریف کے خلاف 5 جج فیصلہ دے چکے ہیں، سپریم کورٹ انہیں تاحیات نااہل کرچکی ہے لہذا نواز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی پر دائر اعتراضات پر سماعت کی جس میں دونوں جانب سے وکلا کے دلائل مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ریٹرننگ افسر نے کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کے اعتراضات کو مسترد کردیا اور نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔

ریٹرننگ آفیسر کے آفس کے باہر میاں نواز شریف کے کاغذات پر اعتراضات اور مستردگی کے فیصلے کیلئے پی ٹی آئی رہنما کارکنان اور وکلاء کی بڑی تعداد موجودرہے ۔

 قبل ازیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 لاہور سے  بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی پر ن لیگ کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا ہے۔ 

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے این اے 127 اور مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے پی پی 80 کے لیے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات دائر کیے گئے ہیں۔