کوئٹہ : (دنیانیوز) بلوچستان سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلئے امیدواروں کی جانچ پڑتال مکمل ہوگئی ، قومی اسمبلی کی 16نشستوں کےلئے 539کاغذات نامزدگی منظور اور92 مسترد ہوئے ہیں ۔
ذرائع صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی کی 51نشستوں کےلئے 1402کاغذات نامزدگی منظور اور 386مستردہوئے ، قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر 18خواتین امیدواروں کے کاغذات منظور اور 39 کے مستردہوئے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر46خواتین امیدواروں کے کاغذات منظور ہوئے جبکہ 39 کے مسترد ہوئے ، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 262 کوئٹہ ون سے17امیدواروں کے کاغذات مسترداور37 منظور کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263کوئٹہ ٹو سے38امیدواروں کے کاغذات مسترداور 27کے منظورہوئے، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 264کوئٹہ تھری سے13امیدواروں کے کاغذات مسترداور34کے منظورکیے گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع ہونے، منظور یا مسترد ہونے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے ، ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں پر اپیلوں کا عمل آج سے 3 جنوری تک جاری رہے گا۔