رواں برس پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کو اڑھائی کروڑ سے زائد کالز موصول

Published On 31 December,2023 12:31 pm

لاہور : (دنیانیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی سالانہ رپورٹ 2023 جاری کر دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر پونے 3 کروڑ سے زائد کالز موصول ہوئیں، شہریوں نے ایمرجنسی نمبر پر 2 کروڑ سے زائد غیر متعلقہ کالز کیں، سیف سٹی نے پولیس اور ریسکیو کے ذریعے 25 لاکھ سے زائد کیسز میں شہریوں کو ایمرجنسی مدد فراہم کی۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ایمرجنسی 15 پر مختلف معلومات کے حصول کیلئے سوا 5 لاکھ کالز موصول کی گئیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کوتفتیش میں مدد کیلئے ساڑھے 3 ہزار سے زائد کیسز میں ویڈیو شہادتیں فراہم کی گئیں، پولیس کو انویسٹی گیشن میں مدد کیلئے 1100 سے زائد 15 ایمرجنسی کالز کا ریکارڈ فراہم کیا۔

ورچوئل پٹرولنگ آفیسرز نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے 1500 سے زائد مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر فوری ایکشن کروایا، سیف سٹی نے 1 ہزار سے زائد گاڑیاں، موٹر سائیکلز اور رکشے تلاش کر کے مالکان کے حوالے کیے۔

فرقہ وارانہ، پرتشدد اور نفرت آمیز مواد کی تشہیر پر مبنی 2500 سے زائد سوشل میڈیا پیجز کو بلاک کروایا گیا، سیف سٹی میڈیا سنٹر نے 2600 سے زائد ویڈیوز اور بینرز کے ذریعے عوامی آگاہی مہم چلائی۔