اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ہم نے قرار داد پر خاموشی اختیار کی، میں نے اور گردیپ سنگھ نے قرارداد کی مخالفت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ میں نے اپنی تقریر پر ملنے والی دھمکیوں کی کالز پر ایوان میں تقریر کی تھی، ہمیں علم ہی نہیں تھا کہ آج ایوان میں ایسی قرار داد لائی جا رہی ہے۔
پارلیمنٹ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ ہم جنوری 2023ء سے کہہ رہے ہیں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن ہوں، 8 فروری کے انتخابات کا بڑی مشکل سے اعلان ہوا ہے، پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگتی تھی اور اب بھی گھبرائی ہوئی ہے۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ ہم قرار داد کی مخالفت کرتے ہیں، انتخابات بروقت اور صاف شفاف ہونے چاہئیں، ہمارا موقف ہے کہ 8 فروری کو عام انتخابات ہوں، ہم قائمہ کمیٹی میں تھے اور یہ ایوان میں قرار داد لے آئے۔
انہوں نے کہا کہ گردیپ کو پتا ہی نہیں ہوگا کہ یہ کیا ہو رہا ہے، پیپلزپارٹی کا سینیٹر ایوان میں حمایت کر رہا تھا اب کہہ رہے ہیں ہم نے مخالفت کی۔