اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کمیشن کو دس روز میں اپنے کوائف سے متعلق تفصیلات اٹارنی جنرل کو جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ اٹارنی جنرل لاپتہ افراد کمیشن سے رپورٹ آ جانے کے بعد حتمی رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں، کیس کی سماعت عدالت کی طلب کردہ دستاویزات جمع کرانے کے بعد ہوگی، اعتزاز احسن کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کئے جاتے ہیں، اعتزاز احسن کی درخواست پر عدالت صرف لاپتہ افراد تک محدود رہے گی۔
سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ سیاسی وابستگی رکھنے اور واپس آجانے والوں کے معاملے کو عدالت نہیں دیکھے گی، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی سربراہی میں چار رکنی لاپتہ افراد کمیشن 2011ء سے قائم ہے، آمنہ مسعود جنجوعہ اور دیگر فریقین نے لاپتہ افراد کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔
حکم نامے میں کہا کہا کہ رجسٹرار کمیشن خالد نسیم نے بتایا کمیشن کی کوششوں سے بہت سے لاپتہ افراد بازیاب ہوئے، وکیل فیصل صدیقی نے بتایا کمیشن کے کئی پروڈکشن آرڈرز نظر انداز کئے گئے ہیں، فیصل صدیقی کو عدالت لاپتہ افراد کیس میں معاون مقرر کرتی ہے۔