لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ لاہور کسی کاروباری یا کھلاڑی کا نہیں صرف بھٹو کا ہے۔
ٹاؤن شپ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے شہر لاہور آکر بہت خوشی ہو رہی ہے، اپنے شہر لاہور سے الیکشن لڑ رہا ہوں ۔
یہ بھی پڑھیں: تخت لاہور کی لڑائی پورے ملک کو لے ڈوبے گی: بلاول بھٹو زرداری
انہوں نے کہا کہ ہمیں نہ تو کسی پٹواری کی ضرورت ہے نہ کسی اور کی، میں صرف عوام کا ساتھ چاہتا ہوں، وہ ہم سے پوچھتے ہیں ہم یہاں کیوں آئے ہیں، وہ خود جنرل ضیاء کی وجہ سے لاہور پر مسلط ہوئے تھے، ہم اس شہر میں سیاست صرف پی پی پی کے جیالوں کے لئے کررہے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمار مقابلہ مہنگائی، بے روز گاری اور غربت سے ہے، عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رہے گی، لاہور میں بڑے بڑے ہسپتال بنائیں گے تاکہ کسی کو علاج کے لئے باہر نہ جانا پڑے، کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ سہارا نہ ڈھونڈے، اپنے بل بوتے پر سیاست کرے: بلاول بھٹو
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ تقسیم اور نفرت کی سیاست کو ختم کریں گے، پنجاب کے ہر ضلع میں مفت علاج کے ادارے بنائیں گے، عوام کو گھروں کی فراہمی اولین ترجیح ہے، 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے، تنخواہ ڈبل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مزدوروں اور کسانوں کو کارڈز دیں گے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کرنا ہے، اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو 30 لاکھ پاکستانیوں کو پکا گھر بناکر دوں گا، مشکل معاشی حالات میں ہم نے بھوک کو مٹانا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ نفرت کی سیاست کے علاوہ ایک ہی آپشن ہے اور وہ پیپلزپارٹی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہمارے اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے، ہم لاشیں اٹھا کر لڑنے کے عادی ہیں، بلاول بھٹو
بعدازاں ایک اور کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کارکن مل کر جدوجہد کریں گے تو لاہور اور پاکستان کی قسمت بدلیں گے، کیا اس ملک کی قسمت میں لکھا ہے کہ بار بار ایک ہی شخص کو وزیراظم بنانا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری کو عوام تیر پر ٹھپہ لگا کر نوجوان قیادت کو آگے لائیں، پی پی کے منشور میں تمام مسائل کا حل ہے، آپ سب میرے سفیر بن کر گھر گھر جائیں، جب آپ سب گھر گھر جا کر عوام کو بتائیں گے پی پی کی حکومت ہو گی تو غربت کا خاتمہ ہو گا اور روزگار ملے گا۔