راولپنڈی: (دنیا نیوز) سانحہ 9 مئی کی ایک اور ویڈیو ناقابل تردید شواہد کے ساتھ منظر عام پر آگئی۔
خصوصی جماعت کے تخریب کاروں کی شرپسندی سے ہسپتال تک محفوظ نہیں رہے، ویڈیو میں مخصوص سیاسی جماعت کے شرپسند عناصر آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی (دل کے ہسپتال) پر شرمناک انداز میں دھاوا بولتے نظر آ رہے ہیں۔
— Ammar Khan Yasir (@ammarkhanyasir) January 8, 2024
ہسپتال کے اندر اور باہر توڑ پھوڑ اور آگ کی وجہ سے پھیلے دھوئیں کے دل خراش مناظر ویڈیو میں صاف دکھائی دے رہے ہیں، سی سی ٹی وی میں شرپسند عناصر قیمتی طبی آلات اور ہسپتال کے دیگر ساز و سامان کو نقصان پہنچاتے اور لوٹ مار کرتے واضح نظر آرہے ہیں۔
شرپسندوں کا یہ جتھا موٹر سائیکلوں اور کھڑی گاڑیوں کو آگ لگاتا بھی دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں صاف نظر آرہا ہے کہ بلوائیوں نے نشان حیدر حاصل کرنے والے شہداء کی تصاویر سے مزئین دیواروں اور کمروں کو بھی نہیں بخشا، باغیانہ نعرے لگاتے ہوئے خصوصی جماعت کے تخریب کاروں نے آرمی ویلفیئر ٹرسٹ راولپنڈی کی بلڈنگ کو بھی نشانہ بناتے ہوئے آگ لگائی۔
ہسپتال اور فلاحی ادارے پر براہ راست حملہ خصوصی جماعت کی شرپسندی کی پست ترین مثال ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ان واضح شواہد کے بعد ملوث افراد کو قوانین کے مطابق مثالی سزائیں وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔