اسلام آباد: (دنیانیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ وبائی امراض کےتدارک کے لیےمضبوط اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔
اسلام آباد میں 2 روزہ گلوبل ہیلتھ سیکیورٹی سمٹ کی افتتاحی تقریب میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے عالمی ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کا انعقاد پاکستان کیلئے اعزاز ہے، دنیا بھر میں صحت کے مسائل کا حل ضروری ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ صحت سے متعلق اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنا ہوگا، علاج ہر شہری کو بنیادی حق ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث 30ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔
ان کاکہنا تھا کہ مشترکہ تحقیق سے وبائی امراض کے علاج کا طریقہ کار تلاش کرنا ہوگا، نظام صحت کی بہتری کیلئے مانیٹرنگ بہت ضروری ہے، دنیا کو عام انسان کی صحت کے بارے میں ذمہ دارانہ کرداراداکرنا ہوگا۔
اس سے قبل افغانستان کے وزیر صحت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں مدعو کرنے پر شکر گزار ہیں، بیماریوں سے مقابلے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
افغان وزیر صحت نے کہا کہ ایڈز سمیت مختلف بیماریوں کے خلاف جدید طریقہ علاج پر توجہ دینا ہوگی، دنیا کو بہترین ہیلتھ سسٹم کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹرندیم جان نے گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ سے متعلق کہا تھا کہ اس کا انعقاد پاکستان کے لیے اعزاز ہو گا، عالمی سربراہی کانفرنس کی میزبانی سے صحت کے شعبے میں پاکستان کا وقار بلند ہو گا۔