لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جس طرح نواز شریف اقتدار میں آ رہے ہیں، مجھےاس سے اختلاف ہے۔
لاہور الحمرا ہال میں تھنک فیسٹ 2024 میں "کیا ہمیں نئے سوشل کنٹریکٹ کی ضرورت ہے" کے عنوان سے ڈسکشن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اخلاقی جرات نہیں تو سیاستدانوں کو سیاست کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، جس طرح نواز شریف اقتدارمیں آ رہے ہیں مجھےاس سے اختلاف ہے، نوازشریف اسٹیبلشمنٹ کے بغیر 100 کے بجائے 30 سیٹوں پر آجائیں لیکن مورال ڈاؤن نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرسی کی کوئی طاقت نہیں ہوتی، میں وزیراعظم نہیں تھا بلکہ مجھے ملازمت دی گئی تھی، پی ٹی آئی چوری اور مسلم لیگ ن ڈکیتی کر کے اقتدار میں رہی ہے، مسلم لیگ ن کے ساتھ ہوں، ان کے خلاف الیکشن نہیں لڑوں گا لیکن میں نے سیاست نہیں چھوڑی۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ناکامی کے پیچھے چوری کا الیکشن ہے، ان کی یہ حالت چوری کے الیکشن کی وجہ سے ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سیاسی تعلق نہیں رہا، اللہ کرے دوستی قائم رہے، پارٹی سے دوری کی وجہ مریم نواز نہیں ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کو استعفیٰ نہ دینے کا مشورہ دیا تھا، کہا تھا ڈٹے رہیں لیکن ن لیگ کو مفتاح اسماعیل کو ذلیل کر کے استعفیٰ نہیں لینا چاہیے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب سیاستدانوں کو ذلیل و خوارکررہا ہے، میں نیب کا سب سے پہلا گاہک ہوں، نیب کے خاتمے کے لیے شہباز شریف کو کئی بار کہا۔