کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا اور ان کی اہلیہ فہمیدہ مرزا نے ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا کی جانب سے ان کے بیٹے حسنین مرزا نے درخواستیں دائر کیں جس میں کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے، الیکشن ٹریبونل نے بھی ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا کو بینک نادہندہ ہونے پر الیکشن کیلئے نااہل قراردیا گیا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ذوالفقارمرزا اور فہمیدہ مرزا نے این اے 223 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جبکہ سابق صوبائی وزیر داخلہ نے پی ایس 70, 71 اور 72 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔