لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جنرل ہسپتال اور گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے گنگارام ہسپتال اور جنرل ہسپتال کا 3 گھنٹے طویل دورہ کیا۔
محسن نقوی نے گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا، وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے برآمدے سے گزرنے والی سیوریج لائن کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واسا کو موقع پر ہی طلب کر لیا اور سیوریج لائن کو متبادل جگہ منتقل کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیوریج لائن کی منتقلی کیلئے مشاورت کے ساتھ متبادل پلان مرتب کیا جائے، محسن نقوی نے ہسپتال کے اندر خالی جگہ پر پودے لگانے اور لینڈ سکیپنگ کی بھی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے ہسپتال میں وارڈز، آپریشن تھیٹرز اور دیگر شعبوں میں کام پر پیش رفت کا مشاہدہ کیا اور 31 جنوری تک ہسپتال کی اپ گریڈیشن کو ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
بعدازاں وزیراعلیٰ جنرل ہسپتال پہنچ گئے، ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن کے کاموں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا اور ایمرجنسی بلاک کی تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا،محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک کے اپ گریڈیشن پراجیکٹس کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہر لمحہ قیمتی ہے ایک منٹ بھی ضائع نہیں کر سکتے، دونوں ہسپتال ٹائم لائن کے اندر مکمل ہو جانے چاہئیں، اپ گریڈیشن کے کاموں میں معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے کاموں کی جلد تکمیل کے لئے ضروری ہدایات دیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کے 6 لاکھ سکوائر فٹ سے زائد ایریا کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بیک وقت ہسپتالوں کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے کام شروع کیا گیا ہے، پوری کوشش ہے کہ منصوبے وقت سے پہلے مکمل ہوں اور عوام کو سہولت مل سکے، جس کام کا بیڑا اٹھایا ہے اس کی پیشرفت کا خود جائزہ لیتا ہوں۔