لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نئے کمشنر آفس کو سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت بنانے کی ہدایت کردی۔
جی او آر میں سابق نیول وار کالج کی جگہ کمشنر لاہور کا آفس بنے گا، وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے سابق نیول وار کالج کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ نے نئے کمشنر آفس کیلئے مختص بلڈنگ کا معائنہ کیا، پوری عمارت کا وزٹ کیا اور بلڈنگ کے کمروں، صحن، مسجد اور چھت کا مشاہدہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نئے کمشنر آفس کی تزئین وآرائش کا کام معیار اور رفتار کے ساتھ جلد مکمل کیا جائے، وزیراعلیٰ نے نئے کمشنر آفس کی تزئین و آرائش کے لئے 14روز کی ڈیڈ لائن دے دی۔
کمشنر آفس کے تمام دفاتر جی او آر کی بلڈنگ میں منتقل کیے جائیں گے، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سٹیٹ آف دی آرٹ کمشنر آفس بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے نئے کمشنر آفس کی تزئین و آرائش کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔