لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب انسٹیٹوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں بائی پاس آپریشن میں غیر معمولی تاخیر اورسر جنز کی کمی دور کرنے کیلئے پلان طلب کر لیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ کا اجلاس ہوا، پی آئی سی بورڈ ممبرز نے رفتار اور معیار کے ساتھ ایمرجنسی کی 6 ہفتے کی ریکارڈ مدت میں اپ گریڈیشن پر محسن نقوی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
بورڈ ممبرز نے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی صحت کے شعبے میں غیر معمولی اصلاحات مثالی ہیں، محسن نقوی نے حیران کن رفتار کے ساتھ ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرایا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن میں پوری ٹیم نے دن رات کام کیا، 6 ہفتے میں ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن ناممکن کام تھا، فرینڈز آف پی آئی سی کی ایمرجنسی کو بھی بہتر بنائیں گے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ وفاقی وزیر گوہر اعجاز اور فرینڈز آف پی آئی سی کے تعاون سے سرائے بھی بنا رہے ہیں، تنقید کے باوجود آپریشن تھیٹرز بند رکھے اور انفیکشن فری بنایا، پی آئی سی کی سٹیٹ آف دی آرٹ نئی لیب کا پلان بنایا ہے جو مین دروازے کے قریب بنے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پی آئی سی میں آپریشنز میں تاخیر اور سرجنر کی کمی دور کرنے کا پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں قابل عمل سفارشات پیش کی جائیں جن پرفوری عملدر آمد ہوسکے، پی آئی سی میں سرجنز کی کمی کو دور کرنے کیلئے جو ممکن ہوسکا کریں گے۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، بلال افضل، ڈاکٹر جمال ناصر، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری صحت، سی سی پی او، سیکرٹری خزانہ، کمشنر لاہور، چیئرمین پی آئی سی بورڈ ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور بورڈ ممبران اجلاس میں شریک تھے۔