کراچی: (دنیا نیوز) سینئر ڈپٹی کنوینرڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ لوگوں سے گوٹھوں کی زمین چھین کر وزارت عظمیٰ کا خواب دیکھنے والے اوقات میں آئیں۔
سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 244 پر ایم کیو ایم پاکستان نے رکشہ ریلی کا انعقاد کیا تھا، ریلی میں شریک تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
فاروق ستار نے کہا کہ یہاں رہنے والے اردو و دیگر زبانیں بولنے والے رکشہ چلا کر اپنا روزگار کماتے ہیں، اس علاقے کے بے روزگاروں کو آسان اقساط پر رکشہ فراہم کرنے کی سہولت فراہم کریں گے، گیس اور بجلی کے محکموں کو کہتا ہوں پنجاب، کے پی کے میں گیس آرہی ہے یہاں گیس نہیں آ رہی تو وہ اپنا قبلہ درست کرلیں۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ اگر یہ قبلہ درست نہیں کریں گے تو ہم ان کی لوڈشیڈنگ کریں گے، سندھ کا منظرنامہ تبدیل ہونے جا رہا ہے، قومی اسمبلی کی 22 سیٹوں پر کراچی سے کامیابی حاصل کریں گے، ہر زبان بولنے والا آج ایم کیو ایم میں شامل ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 21 جنوری کے جلسے کی کامیابی پر سب کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، قبضہ کر کے میئر کی سیٹ پانچ فیصد ووٹ پر لی گئی، شہر کے حقیقی وارثوں کو میئر بنوائیں گے۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ کامیابی حاصل کرکے پانی اور گیس کے مسائل حل کریں گے۔