لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں بارش تو کہیں برفباری ہوئی جبکہ پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، دھند کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا رہا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہوں پر دھند کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی کم ہے جس کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات بند کر دیا گیا، موٹروے ایم 2 پر ٹھوکر نیاز بیگ سے ہرن مینار اور فیض پور، شیخوپورہ سے کوٹ مومن تک ٹریفک معطل کر دی گئی۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے مزید کہا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم 3 کو فیض پور سے رجانہ اور جڑانوالہ انٹرچینج، ایم 4 کو گوجرہ سے فیصل آباد انٹرچینج اور عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔
سید عمران احمد نے مزید کہا ہے کہ مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔