کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر تاج حیدر نے کہا ہے کہ ہم اقتدار میں آنے کیلئے ادھر ادھر نہیں دیکھتے بلکہ عوام میں جاتے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر تاج حیدر کا کہنا تھا کہ مختلف شہروں میں مختلف رہنماؤں نے منشور پیش کیا ہے، آج کراچی میں پارٹی منشور پیش کر رہے ہیں، ہم ایک نظریاتی پارٹی ہیں جمہوریت ہماری سیاست ہے، ہم اقتدار میں آنے کے لئے ادھر ادھر نہیں گئے ہم عوام میں جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بی بی عوام میں موجود ہیں، ہم استحصال کا خاتمہ چاہتے ہیں، سرمائے کو گردش میں رکھنا چاہتے ہیں، مختلف جماعتیں پیسے والے لوگوں کو جمع کر کے الیکشن کرا دیتی ہیں۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم ایسے پروگرام لائیں گے جس میں کوئی مڈل مین نہیں ہوگا، 18 ویں ترامیم کے بعد مختلف وزارتیں بند کریں گے، ان کا پیسہ قوم پر خرچ کریں گے، اس وقت ماحولیاتی خطرات بہت زیادہ ہیں، سب نے دیکھا سیلاب نے ملک میں بہت تباہی مچائی، تین لاکھ بیس ہزار مکانات بن چکے ہیں تیس لاکھ گھر بھی بن جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 300 یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے کی بات کی ہے، ہم ابھی سے100 یونٹ بجلی اسلام کوٹ میں مفت فراہم کر رہے ہیں، سکول میں بچوں کو کھانا بھی دیا جائے گا۔
تاج حیدر کا کہنا تھا کہ ہم نے صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 25 ارب روپے رکھے ہیں، پانچ سال میں پنجاب سے 25 ہزار مریض سندھ کے ہسپتالوں میں آئے، گمبٹ میں لیور ٹرانسپلانٹ کا مفت علاج ہو رہا ہے۔
پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ گریجویشن کے بعد ایک سال تک طالب علموں کو وظیفہ دینا منشور کا حصہ ہے، سٹیٹ بینک آئی ایم ایف کا ادارہ بن چکا ہے، اس کا رخ بھی عوام کی طرف موڑنا ہے۔