راولپنڈی : (دنیانیوز) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کولپور میں دہشت گردوں کے حملے پسپا کرتے ہوئے گزشتہ تین روز کے دوران سرچ آپریشن میں 24 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق 29 اور 30جنوری کی رات دہشتگردوں کی جانب سے بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کولپور کمپلیکسز پر حملےکیے گئے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کے حملے بہادری سے پسپا کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سرچ آپریشن میں گزشتہ تین روزکے دوران 24دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، مارے گئے دہشتگردوں میں شہزاد بلوچ، عطاءاللہ ، عبدالودود، ذیشان اور ان کے ماسٹر مائنڈ شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دیگر دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ، فائرنگ کے تبادلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار بھی شہید ہوئے جبکہ دیگر شہداء میں دو شہری بھی شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ مؤثر جوابی کارروائی دہشتگردی کو شکست دینے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے، پاک فوج دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ امن و استحکام کے لیے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔