دہشتگردی کے 3 مختلف واقعات: پاک فوج کے 3 جوان شہید، 2 دہشتگرد ہلاک

Published On 03 November,2023 11:36 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے تین مختلف واقعات میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد جہنم واصل ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے عمومی علاقہ روری میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا گیا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا، ہلاک دہشت گرد ٹی ٹی پی کا خودکش بمبار اسامہ تھا، دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کے بڑے منصوبے پر عمل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دوسرا واقعہ ضلع لکی مروت میں پیش آیا جہاں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، آپریشن میں دہشتگردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 جوان نائیک ظفر اقبال اور سپاہی حاجی جان شہید جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ تیسرا واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں پیش آیا جہاں بارودی سرنگ پھٹنے سے حوالدار شاہد اقبال شہید ہوگیا،علاقے میں دہشتگردوں کو پکڑنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کا عزم کیا ہوا ہے، جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو اور مضبوط بناتی ہیں۔