کوٹ ڈیجی:(دنیا نیوز) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ بلاول پہلے وزیراعظم ہوں گے جو اپنی مدت پوری کریں گے۔
کوٹ ڈیجی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کے الیکشن فئیر اینڈ فری ہوں تو پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے جیتے گی، ہمارے مخالفین اسی کا تورونا رو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلاول بھٹو پہلی بار الیکشن لڑ رہے ہیں وہ سیٹ اہم ہے اور پنجاب سے جیت کر بلاول بھٹو وزیر اعظم بنیں گے ،پہلے پیپلزپارٹی کے لاہور میں دفتر پر حملے ہوئے اب کراچی اور خیرپور میں بھی ہوئے ہیں، لیکن اپنے مخالفین کو کوئی جواب نہیں دیں گے۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اب فرشتے نہیں رہے، اب نہ ہی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ عوام ہے، اب تو بانی پی ٹی آئی دو دن کے لئے بھی باہر نہیں آئیں گے، بنی گالہ کو سب جیل قرار دیکر بشریٰ بی بی کو ریلیف دیا گیا، مریم نواز، فریال تالپور بھی جیل جا چکی ہیں انہیں تو ریلیف نہیں ملا تھا۔
منظور وسان نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی اور آزاد امیدوار مل کر حکومت بنائیں گے، ویسے بھی آزاد امیدواروں کا پیار آصف علی زرداری کے ساتھ ہمیشہ سے رہاہے، یہ مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔