مظفر آباد: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرے سے بخوبی واقف ہے اور مؤثر جواب دینے کیلئے بھی ہمیشہ تیار ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مظفر آباد آزاد کشمیر کا دورہ کیا، یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، آرمی چیف نے عظیم قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، آرمی چیف نے ساریان سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ اگلے مورچوں کا بھی دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیاسی وعسکری قیادت نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی مظالم کے سامنے کشمیریوں کا استقامت اور غیر متزلزل ایمان مثالی ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی اور سلامتی کے بحران سے علاقائی امن اور استحکام کو شدید خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، بھارت مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اس طرح کی سازشیں کشمیری عوام کو اپنے جائز ہدف سے نہیں ہٹا سکتیں۔
آرمی چیف کو ایل او سی کے ساتھ تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے آپریشنل تیاریوں، جوانوں کے بلند حوصلے اور مؤثر ردعمل کی بھی تعریف کی۔
آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرے سے بخوبی واقف اور مؤثر جواب دینے کیلئے ہمیشہ تیار ہے، آرمی چیف نے پاکستان میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کا بھی تذکرہ کیا، آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ایسی تمام کوششوں کو بے نقاب کرتا رہے گا اور اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ساریان سیکٹر آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔