علیمہ خان نے ایف آئی اے طلبی کے دونوں نوٹسز چیلنج کر دیئے

Published On 06 February,2024 10:56 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے ایف آئی اے طلبی کے دونوں نوٹسز اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیئے۔

علیمہ خان نے ایڈووکیٹ شیراز رانجھا کے توسط سے دو الگ درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کیں، درخواستوں میں ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا اور آج ہی سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کا 2 فروری کا نوٹس معطل کیا جائے جبکہ ایف آئی اے کو علیمہ خان کے خلاف شواہد اور ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ عدالت ایف آئی اے نوٹس کو کالعدم بھی قرار دے۔

قبل ازیں علیمہ خان وکیل شیراز احمد رانجھا کے ہمراہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچیں اور درخواست دائر کرنے کیلئے بائیو میٹرک تصدیق کروائی۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم، انسداد دہشت گردی ونگ نے علیمہ خان کو طلبی کے نوٹس بھیجے تھے۔