اسلام آباد ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی امیدواروں، کارکنوں کو ہراساں نہ کرنے کا حکم

Published On 06 February,2024 11:23 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی امیدواروں اور کارکنوں کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کی انتخابی مہم کی اجازت اور ہراساں کرنے سے روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق نے شعیب شاہین اور علی بخاری ایڈووکیٹ کی درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت وکیل شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ پولیس ہمارے سپورٹرز کو اٹھا کر کہتی ہے کہ پی ٹی آئی سے الگ ہوجاؤ، ہمارے لوگوں کو کہا جا رہا ہے کہ کسی اور جماعت میں شامل ہوجاؤ۔

شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کہ فون کالز کر کے کہتے ہیں کہ اگر جلسہ کیا تو آپ کے خلاف پرچہ ہو جائے گا۔

وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ جو الیکشن مہم اور جلسے ہونے تھے وہ تو ہوگئے، آج آخری دن ہے، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو کالز کر کے ڈرایا جا رہا ہے۔

شعیب شاہین نے کہا کہ اگر اسلام آباد کی ماڈل پولیس یہ طرزعمل اختیار کرے گی تو پھر کیا امیج جائےگا؟

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق نے شعیب شاہین اور علی بخاری کی درخواست پر پی ٹی آئی امیدواروں اور کارکنوں کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔