تحریک انصاف چھوڑنے والے محمود خان کے ساتھ ووٹرز 'ہاتھ' کر گئے

Published On 10 February,2024 01:37 am

پشاور: (دنیا نیوز) گزشتہ روز ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے رہنما محمود خان کے ساتھ ووٹرز ہاتھ کر گئے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف سے علیحدہ ہونے والے سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو الیکشن ہارنے کے بعد ووٹرز سے شکوے کرتے سنا جا سکتا ہے۔

تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے رہنما محمود خان ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ظاہری طور پر آپ لوگ میرے ساتھ تھے لیکن ووٹ ان کو دیا یہ منافقت ہے، منافق اللہ کا دشمن ہوتا ہے، آپ لوگوں نے منافقت کی اللہ پوچھے گا آپ لوگوں سے۔

واضح رہے کہ 9 مئی واقعات کے بعد سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے مشکل وقت میں پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کر کے پرویز خٹک کی تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز میں شمولیت اختیار کی تھی۔

این اے 4 سوات سے محمود خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار سہیل سلطان 88 ہزار 9 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے محمود خان 16 ہزار 813 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر آئے۔