اسلام آباد: (دنیانیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ شہبازشریف وزیراعظم کیلئے مسلم لیگ ن کے امیدوارہوں گے۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگلے دو تین دن میں مخلوط حکومت کی شکل نکل آئے گی، وزیراعظم کیلئے شہبازشریف ن لیگ کے امیدوار ہوں گے، شہبازشریف کو تجربہ بھی ہے اور وہ ایک بار وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں ۔
سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ کوئی اتحاد تشکیل دیدیا جائے گا تو اس کی طرف سے نام آئے گا، اتحاد پیپلز پارٹی کی طرف سے آنے والے نام پر بھی غور کرے گا، وزارتوں کا فیصلہ بھی اتحاد ہی کرے گا۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وزارت اعلیٰ کا سوال مجھ سےنہ پوچھیں ابھی وزارت عظمیٰ پر رہیں، وزارت اعلیٰ کا بھی ہمارے پارٹی نے فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اور وفاق میں حکومت سازی کے معاملے پر ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جے یو آئی ف کے مابین سیاسی اتحاد پر اتفاق ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان رابطے جاری ہیں ، گزشتہ روز بلاول بھٹو سے شہباز شریف نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔