کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں انتخابی نتائج کے خلاف امیدواروں کی جانب سے مزید درخواستیں دائر کر دی گئیں۔
سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 106 سے جماعت اسلامی کے امیدوار سید عبدالرشید نے آزاد امیدوار کے خلاف درخواست دائر کر دی۔
عبد الرشید نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ تمام پولنگ سٹیشنز کے فارم 45 موجود ہیں، پریزائیڈنگ افسران کے دستخط بھی ہیں، ہمارے ایجنٹس کو کمرے سے نکال کر فارم 47 تیار کیا گیا تھا، فارم 45 اور 47 کے اعداد ووٹوں میں تضاد ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے پی ایس 95 سے امیدوار راجہ اظہر نے بھی سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی، راجہ اظہر نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ فاروق اعوان سابق ایس ایس پی ہیں، اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے اثر انداز ہو رہے ہیں۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 250 سے آزاد امیدوار ریاض حیدر نے بھی فارم 47 کے خلاف درخواست دائر کردی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اس حلقے سے متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار فرحان چشتی کو فارم 47 میں کامیاب قرار دیا گیا ہے، فارم 47 ہمارے نمائندوں کی موجودگی میں دوبارہ مرتب کیا جائے۔